Qabz-e-Zaman
- Author: Shamsur Rahman Faruqi
- Publisher: AKS Publications
- Format: Hardback
- Language: Urdu
Description
نقید اور اس کے بعد ناول اور افسانے کے میدان میں شمس الرحمٰن فاروقی اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔ لیکن وہ اپنے پچھلے کارناموں پر مطمئن ہو کر بیٹھ جانے والے آدمی نہیں۔ ان کی مہم جُو طبیعت نئے راستوں کی طرف رواں ہو جاتی ہے۔ ’’کئی چاند تھے سرِآسماں‘‘ میں اُنھوں نے مغلیہ دَور کی شان و شوکت کو اس طرح محفوظ کر دیا جو اس کے شایانِ شان تھی۔ مختصر ناول ’’قبضِ زماں‘‘ میں اُنھوں نے ہند اسلامی تاریخ کے ماضی میں سے ایسا کردار ڈھونڈ کر نکالا ہے جو کہنے کو عام آدمی ہے لیکن وقت کا سفر کرتے ہوئے ایک اور عہد میں جا پہنچتا ہے۔ وہ اپنے وقت کو گُم کر بیٹھتا ہے اور پُراسرار حالات کے تحت اپنے زمانے سے آگے جا پہنچتا ہے۔ کیسا عجیب تجربہ ہے اور اس کو الفاظ کی گرفت میں لانا کس قدر مشکل۔ لیکن فاروقی صاحب اس تجربے کو بڑی مہارت کے ساتھ اپنی گرفت میں لے آتے ہیں۔ اس صورتِ حال کا بیان بھی حیرت ناک ہے اور اس کو پڑھنے کا تجربہ بھی بہت انوکھا ہے۔
انتظار حسین
ہماری تہذیبی تاریخ کا وہ لمحہ یادگار تھا جب محمد حسین آزاد ادبی تاریخ لکھنے بیٹھے اور ان کے جادونگار قلم سے ایسے مرقعے سامنے آئے جو افسانوں کی سی دل چسپی کے ساتھ پڑھے جا سکتے ہیں۔ ہمارے زمانے میں یہ کارنامہ شمس الرحمٰن فاروقی صاحب کا ہے کہ تنقید لکھتے لکھتے ناول اور افسانے کی طرف آ گئے۔ ان کا یہ مختصر ناول ایسا ہے کہ پڑھنے والا دانتوں میں اُنگلی دبا لیتا ہے۔ ’’قبضِ زماں‘‘ کے مرکزی کردار کے ساتھ ساتھ پڑھنے والے بھی وقت کے اس سفر پر روانہ ہو جاتے ہیں…
ڈاکٹر اسلم فرخی
یوں تو شمس الرحمٰن فاروقی کے فکشن کو پڑھنا علمی، ادبی اور تہذیبی زندگی سے چھلکتے ہوئے ایک عہد میں جاکر بس جانے کا نام ہے مگر ان کے مختصر ناول ’’قبض زماں‘‘ کا مطالعہ یوں مختلف ہو جاتا ہے کہ یہ کسی ایک عہد کی تہذیبی زندگی پر محیط نہیں، اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ اس ناول میں ایک ایسا شخص ہے جس سے اس کا اپنا زمانہ اور وہ اپنے زمانے سے پچھڑ گیا ہے۔ وہ عجیب اور ناقابلِ یقین حالات سے گزرتے ہوئے ایک اور زمانے میں جا پڑتا ہے۔ یوں یہ ناول ہمیں ایک سے زیادہ زمانوں اور زمینوں کی سیر کراتا اور زندگی کے ان بھیدوں کے مقابل کرتا ہے جو سمے کی سمٹن سے نکلتے اور حیرت کی پھیلی آنکھ پر کھلتے چلے جاتے ہیں۔
Only logged in customers who have purchased this product may leave a review.
Related Products








Reviews
There are no reviews yet.